اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کے حق خودارادیت کیلئے قرارداد بھاری اکثریت سے منظور

IQNA

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کے حق خودارادیت کیلئے قرارداد بھاری اکثریت سے منظور

12:35 - December 21, 2014
خبر کا کوڈ: 2623606
بین الاقوامی گروپ: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطینی قوم کے حق خود ارادیت کیلئے پیش قرارداد میں 193 رکن ممالک میں سے 180 نے حمایت کی۔ سات ممالک امریکہ، اسرائیل، کینیڈا، جزائر مارشل، بالاو، مائکرونیزیا اور ناروو نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ ڈالا جبکہ 4ممالک کیمرون، ٹونگا، پےراگوئے اور جنوبی سوڈان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

ایکنانیوز- نوائے وقت کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی حمایت میں قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی ۔

اطلاعات کے مطابق جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطینی قوم کے حق خود ارادیت کیلئے پیش قرارداد میں 193 رکن ممالک میں سے 180 نے حمایت کی۔ سات ممالک امریکہ، اسرائیل، کینیڈا، جزائر مارشل، بالاو، مائکرونیزیا اور ناروو نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ ڈالا جبکہ 4ممالک کیمرون، ٹونگا، پےراگوئے اور جنوبی سوڈان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

قرارداد کے مسودے میں فلسطینی قوم کیلئے ایک آزاد اور مکمل طور پر خود مختار ریاست کی حمایت کی گئی تھی جس میں اقوام متحدہ کے تمام اداروں اور ایجنسیوں سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ فلسطینی قوم کی آزادی سمیت اس کے دیرینہ حقوق اور مطالبات کی حمایت کریں تاکہ کم سے کم وقت میں فلسطینی قوم اپنے حق خود ارادیت کے حصول میں کامیاب ہو سکے۔

اقوام متحدہ میں فلسطینی اتھارٹی کے مستقل مندوب ریاض منصور نے جنرل اسمبلی میں قرارداد کی منظوری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس قرارداد کی عالمی حمایت سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ عالمی برادری فلسطینی قوم کے حق خود ارادیت کی حامی ہے اور فلسطینیوں کو ایک قابض ریاست کے جبر سے آزاد دیکھنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم نے آزادی کےلئے طویل اور صبر آزما جدوجہد کی ہے۔ وقت آگیا ہے کہ فلسطینی قوم کو اس کی قربانیوں کا ثمر دیا جائے۔ انہوں نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ جنرل اسمبلی کی پیروی کرتے ہوئے فلسطینی قوم کے حق خود ارادیت کی حمایت کرے۔

ادھر یورپی پارلیمنٹ نے فلسطینیوں کی جانب سے پیش کی گئی قراراد کثرت رائے سے منظور کرلی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق قرارداد میں فلسطین کے علیحدہ تشخص کو تسلیم کرتے ہوئے اسرائیل سے مذاکرات کے ذریعے دو ریاستی حل پر زور دیاگیاہے۔ ایوان میں 498ارکان نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے اس کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 88ارکان نے قرارداد کی مخالفت کی اور 111ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

رواں ہفتے فلسطین کی جانب سے اقوام متحدہ میں جمع کرائی گئی قرارداد میں اسرائیل سے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے قبضہ فوری طور پر ختم کرانے کا مطالبہ کیاگیاتھا۔ جس کے بعد متعدد ممالک کی جانب سے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے فلسطین کے علیحدہ تشخص کو تسلیم کرنے کا مطالبہ بھی کیاگیاتھا۔

348493

نظرات بینندگان
captcha