اسرائیل نے غزہ میں صدی کی انتہائی تباہ کن جنگ چھیڑی ہے: امریکی اخبار کا انکشاف

IQNA

اسرائیل نے غزہ میں صدی کی انتہائی تباہ کن جنگ چھیڑی ہے: امریکی اخبار کا انکشاف

8:27 - December 25, 2023
خبر کا کوڈ: 3515558
ایکنا: شمالی غزہ میں تباہ ہونے والی عمارتوں کی تعداد شام کے شہر حلب میں تین سال کے دوران تباہ ہونے والی عمارتوں سے دوگنی ہیں۔

ایکنا انٹرنیشنل ڈیسک کے مطابق واشگنٹن پوسٹ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے اسپتالوں کے قریب بعض سب سے بڑے بم گرائے گئے جبکہ شمالی غزہ میں تباہ ہونے والی عمارتوں کی تعداد شام کے شہر حلب میں تین سال کے دوران تباہ ہونے والی عمارتوں سے دوگنی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے چوبیس گھنٹوں میں غزہ کے دو سو مقامات پر فضائی، زمینی اور سمندر سے حملے کرکے 3 صحافیوں سمیت 166 فلسطینی شہید کر دیے۔

فلسطین میں 30 سال سے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے اہلکار عصام المغربی بھی خاندان کے 76 افراد سمیت شہید ہوگئے۔

اسرائیلی بمباری سے حماس کی تحویل میں موجود 5 یرغمالی بھی مارے گئے، 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 20 ہزار 500 سے متجاوز ہو چکی ہے۔

دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ غزہ میں قتلِ عام اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں صرف امریکا روک سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ سلامتی کونسل کی غزہ میں امداد کی قرارداد مشکلات کے سمندر میں قطرے کے برابر ہے، جیسے جیسے تنازعہ شدت اختیار کرے گا، دہشت بڑھتی جائے گی۔

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ وہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، ہار نہیں مانیں گے۔

ادھر امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم کو غزہ میں فوجی کارروائیوں کے دوران شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے اور جنگ زدہ علاقوں سے شہریوں کے محفوظ انخلا کی اجازت دینے پر زور دیا گیا ہے۔

بیت لحم میں کرسمس کی تقریبات منسوخ

دنیا بھر کے مسیحی آج حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یوم پیدائش منا رہے ہیں لیکن فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں موجود حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے پیدائش بیت لحم میں کرسمس کی تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق خوشیوں اور روشنی سے بھرپور کرسمس منانے کیلئے مشہور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی جائے پیدائش بیت لحم میں اس کرسمس کے موقع پر ماحول روایت کے برعکس ہے۔

غزہ میں جانی نقصانات پر گزشتہ ماہ ہی بیت لحم کی میونسپلٹی نے کرسمس کی تقریبات منسوخ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی جارحیت کے جواب میں غزہ میں القسام بریگیڈ نے اپنے تازہ حملے میں جبالیا میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بناتے ہوئے، میجر سمیت کئی فوجی ماردیے۔

اسرائیلی فوج نے کل سے اب تک 15 اسرائیلی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں حماس کے ہاتھوں اسرائیلی فوج کا بھاری نقصان ہونے کا بھی اعتراف کر لیا۔

بحیرہ احمر میں کارگو  جہازوں پر حملے

ادھر حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر میں کارگو جہازوں پر اپنے حملے تیز کردیے گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈٰیا کے مطابق بھارتی جھنڈا بردار آئل ٹینکر ایم وی سائیں بابا پر بھی ڈرون حملہ کیا گیا ہے، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

امریکی سینٹ کام کا کہنا ہے کہ امریکا نے حوثیوں کے علاقے سے آنے والے چار ڈرون تباہ کر دیے۔

پینٹاگون نے بھارتی ساحل کے قریب کیمیکل ٹینکر پر حملے کا الزام ایران پر عائد کر دیا۔

گزشتہ روز پلوٹو کیم پر ڈرون حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، بھارتی حکام کا کہنا ہے جہاز سعودی عرب سے خام تیل لے کر بھارتی بندرگاہ آ رہا تھا۔/

نظرات بینندگان
captcha